12.10_امتحانی نتائج

واضح رہے کہ امتحان کے بعد آنے والا نتیجہ ہی آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے بنیاد کا کام دیتا ہے۔ نتائج سامنے آنے کے بعد صحیح رخ پر محنت کی ابتداء ہوتی ہے ،کیوںکہ نتیجے کی حیثیت ایسی ہے جیسے ایکسرے رپورٹ کی حیثیت ہے یعنی جب کوئی مریض اپنے مرض کا چیک اپ کرواتا ہے تو اسے رپورٹ ملتی ہے اصل وہ رپورٹ ہو تی ہے اور اس رپورٹ کی بنیاد پر علاج شروع ہو تا ہے اب اگر کوئی شخص ایکسرے رپورٹ لے کر خوشی خوشی گھر جائے اور اسے الماری میں سنبھال کر رکھے اور بس ۔آگے اس کی بنیاد پر علاج نہ کروائے تو ایسا کرنے سے اس مریض کا علاج یقینا نہیں ہوگا ،اور مرض باقی رہے گا بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں اضافہ بھی ہو تا رہے گا۔
امتحانی نتائج کی مثال بھی اسی طرح کی ہے کہ اگر نتیجہ مرتب ہونے کے بعدصرف فائل میں لگادیا گیا تو ایسا کرنے سے امتحان کا فائدہ حاصل نہ ہو گا۔امتحانی نتائج کا فائدہ اس وقت حاصل ہو گا جب اس کی روشنی میں ہر بچے کی نوعیت کو مد نظر رکھ کر محنت کی جائے ۔ ایسا کرنے سے ان شاء اللہ تعلیمی معیار میں بہت جلد نمایاںبہتری آئےگی جس سے اِنْ شَآءَ اللّٰہُ   ادارے کا معیار بھی بلند ہوگا۔